عظمیٰ ویب ڈیسک
ادھم پور/منشیات کے عادی مجرموں کے خلاف ایک فیصلہ کن کارروائی میں جموں وکشمیر پولیس نے ضلع اودھم پور کے چننی علاقے میں ضلع انتظامیہ کے ساتھ مل کر ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کی غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی کروڑوں روپیے مالیت کی جائیداد کو مسمار کر دیا۔ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ اودھم پور پولیس نے ضلع انتظامیہ کے ساتھ مل کر ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کی غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی کروڑوں روپیے مالیت کی جائیداد کو مسمار کر دیا۔
منشیات فروش کی شناخت مکھن دین ولد حکیم دین ساکن نر سو چننی کے طور پر کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مکھن دین ایک جرائم پیشہ فرد تھا اور پولیس اسٹیشن چننی میں درج ایک ایف آئی آر نمبر188/2024 میں ملوث پایا گیا تھا۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ منشیات کی اسمگلنگ میں مسلسل ملوث رہنے کی وجہ سے اس کو پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت حراست میں بھی لیا گیا تھا اور وہ اس وقت کوٹ بلوال جیل جموں میں بند ہے۔انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے دوران تفتیشی افسروں نے پایا کہ ملزم نے سرکاری زمین پر قبضہ کرکے قومی شاہراہ نرسو چننی پر 5 تجارتی عمارتیں اور 1 رہائشی عمارت تعمیر کی ہے جن کی ملکیت کروڑوں روپیوں میں ہے۔ان کا کہنا ہے کہ منشیات کی تجارت سے حاصل شدہ آمدنی سے تعمیر کی گئی اس غیر قانونی جائیداد کو ضلع میں منشیات فروشوں کے خلاف جاری مہم کے تحت مسمار کر دیا گیا۔
اودھم پور میں منشیات فروش کی کروڑوں روپیے مالیت کی جائیداد مسمار: پولیس