عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کاروائی کو جاری رکھتے ہوئے اتوار کو جموں کے باہو قلعہ علاقے میں کروڑوں روپے مالیت کی جائیداد قرق کر دی ہے۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ منشیات فروشی کی غیرقانونی تجارت سے حاصل کردہ کروڑوں روپے مالیت کے دو رہائشی مکانات، جو ایک جوڑے اور ایک خاتون کے تھے، اتوار کو ضبط کر لیے گئے ہیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68-ایس کے تحت باہو فورٹ کے راجیو نگر علاقے میں قرق کی گئی جائیدادوں میں بدنامِ زمانہ خاتون منشیات فروش رینا کا تین منزلہ مکان، پال سنگھ اور اس کی اہلیہ سیما کا دو منزلہ رہائشی مکان شامل ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ تحقیقات کے دوران رہائشی مکانات کی شناخت غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی جائیدادوں کے طور پر ہوئی۔
اُنہوں نے کہا، “یہ جائیداد بنیادی طور پر مالکان کی جانب سے منشیات اور سائیکو ٹراپک مادوں کی غیر قانونی سمگلنگ کی آمدنی سے حاصل کی گئی تھی جن کا نام باہو فورٹ پولیس تھانہ میں 2017 اور 2023 کے درمیان درج پانچ مقدمات میں درج ہے”۔
پولیس ترجمان نے مزید کہا کہ یہ آپریشن پوری قوت کے ساتھ منشیات کی لعنت سے نمٹنے کیلئے پولیس کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔