عظمیٰ ویب ڈیسک
پونچھ/منشیات فروشوں کے خلاف جنگ کو وسیع پیمانے پر جاری رکھتے ہوئے جموں وکشمیر پولیس نے ضلع پونچھ میں ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے ہیروئن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن پونچھ کی ایک ٹیم نے ڈنگلہ علاقے میں معمول کی ناکہ چیکنگ کے دوران ایک شخص کو دھر لیا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے 2.33 گرام ہیروئن جیسا ممنوعہ مواد اور 39 ہزار 1 سو روپیے نقدی بر آمد کئے گئے جس کے بعد اس کو بر سر موقع ہی گرفتار کیا گیا۔ملزم کی شناخت صداقت علی ولد محمد شریف ساکن چندک پونچھ کے طور پر ہوئی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن پونچھ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایک ایف آئی آر زیر نمبر 164/2025 درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم ایک عادی منشیات اسمگلر ہے اور وہ پہلے ہی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت دو مقدموں میں ملوث ہے۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس معاشرے سے منشیات کی بیخ کنی کے لئے پر عزم ہے۔انہوں نے لوگوں سے اس سلسلے میں بھر پور تعاون فراہم کرنے کی اپیل کی۔
پونچھ میں منشیات فروش گرفتار، ہیروئن جیسا مواد بر آمد: پولیس
