عظمیٰ ویب ڈیسک
اودھم پور// وزیراعظم مودی کے اودھم پور کے دورے سے قبل، حکام نے ضلع میں ہوابازی کے آلات کی پرواز پر پابندی لگا دی ہے۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ادھم پور کی طرف سے جاری کردہ ایک حکم نامہ کے مطابق،”وزیر اعظم ہند، نریندر مودی، 12 اپریل 2024 کو جلسہ عام سے خطاب کرنے کے لیے اودھم پور کا دورہ کر رہے ہیں اور انتظامیہ کی طرف سے ایس او پی کے مطابق، ریلی کے محفوظ اور باحفاظت انعقاد کے لیے مختلف ضروری انتظامات کیے جا رہے ہیں اور ملک دشمن عناصر کے ذریعہ ڈرون کو دیسی ساختہ دھماکہ خیز ڈیوائسز اور دیگر دھماکہ خیز مواد لے جانے کے حالیہ رجحانات کی وجہ سے ابھرتے ہوئے نئے سیکورٹی خطرات کے پیش نظر، امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے حفاظتی اقدامات کو مضبوط کرنا ناگزیر ہے”۔
حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے، “لہذا، اب میں، سلونی رائے (آئی اے ایس)، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اودھم پور، سی آر پی سی کی دفعہ 144 کے تحت حاصل اختیار کے استعمال میں مناسب حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے، اس طرح کسی بھی قسم کے ہوابازی کے آلات، بشمول بغیر پائلٹ کے فضائی گاڑیاں (UAVs)، ڈرون، غبارے وغیرہ، کی پرواز پر پابندی عائد کرتا ہوں”۔
یہ حکم فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور 12 اپریل 2024 کو شام 05:00 تک نافذ رہے گا۔
اُودھم پور کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس اس حکم کو صحیح معنوں میں نافذ کریں گے۔