عاصف بٹ
کشتواڑ// ضلع کشتواڑ کے ڈنگڈورو میں زیر تعمیر پاور پروجیکٹ کے اندر ایک المناک سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں ٹرک ڈرائیور کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق، یہ حادثہ صبح سات بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب ایچ آر ٹی کمپنی کے ساتھ کام کرنے والا ٹرک زیر نمبر HR61E1408 اچانک حادثے کا شکار ہوگیا۔ ٹرک میں سوار ڈرائیور موقع پر ہی جانبحق ہوگیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور فوری کارروائی کا آغاز کیا۔ تاہم، ڈرائیور کی موت موقع پر ہی واقع ہوچکی تھی۔ ابتدائی تفتیش کے دوران حادثے کی وجوہات کا تعین نہیں کیا جا سکا۔
ڈرائیور کی شناخت دیپک کمار ولد سرندر کمار ساکن ہریانہ کے طور پر کی گئی ہے۔ نعش کو قانونی کارروائی کے لیے ضلع ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں تمام لوازمات مکمل کرنے کے بعد میت کو آخری رسومات کے لیے ورثا کے حوالے کیا جائے گا۔
پولیس نے اس واقعے کے حوالے سے مقدمہ درج کر لیا ہے اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔