عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// جموں-سرینگر قومی شاہراہ پر آج خونی نالہ کے مقام پر پیش آئے ایک سڑک حادثے میں ٹرک ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کا ہیلپرمعجزانہ طور پر بچ نکلا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ٹرک جموں سے سرینگر کی طرف جا رہا تھا جس دوران یہ خونی نالہ کے قریب سڑک سے لڑھک کر ایک گہری کھائی میں جا گرا۔
اُنہوں نے بتایا کہ ڈرائیور کی لاش برآمد کرکے رام بن ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے جہاں طبی و قانونی کاروائی اور شناخت کا عمل جاری ہے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ ٹرک ایک خطرناک موڑ ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گیا اور پلک جھپکتے ہی کھائی میں جا گرا۔
ایک مقامی شخص نے بتایا، “ڈرائیور نے شاید گاڑی پر قابو کھو دیا تھا اور وہ کھائی میں جا گری۔ یہ سب کچھ چند سیکنڈ میں ہوا”۔
اُنہوں نے بتایا کہ ڈرائیور کا ہیلپر حادثے سے کچھ لمحے پہلے ٹرک سے کود کر زندہ بچ گیا۔ اُنہوں نے مزید بتایا، “میں نے دیکھا کہ ٹرک قابو سے باہر ہو رہا ہے، اور میں نے وقت پر کود کر اپنی جان بچائی، وہ واقعے کے بعد سخت صدمے میں دکھائی دیا”۔
پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔