محمد تسکین
بانہال// بانہال کی تحصیل کھڑی کی ایک زیر تعمیر رابطہ سڑک پر پیش آئے ڈمپر کے ایک حادثے میں ڈمپر ڈرائیور کی موت واقع ہوگئی ہے۔
پولیس نے مہلوک ڈرائیور کی شناخت محمد اقبال 40 ولد عبدالمجید خان ساکنہ چھانپہ بٹوت کے طور کی ہے ۔
مقامی لمبردار شاہنواز احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بدھ کی صبح قریب آٹھ بجے سرن- سراچی سڑک پر ہانجوس کے قریب پیش آئے حادثے کی خبر ملتے ہی مقامی لوگ ، کیو آر ٹی کھڑی کے رضاکار اور کھڑی پولیس نے موقع پر پہنچ کر بچاو کاروائیوں کا آغاز کیا اور زخمی ڈرائیور کو سب ضلع ہسپتال بانہال پہنچایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بانہال میں ضروری ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد زخمی ڈرائیور کو گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ بیٹھا۔
ڈرائیور کو ایمبولینس میں بانہال سے اننت ناگ لے جارہے کیو آر ٹی کھڑی کے سرگرم رضاکار یاسر احمد سہمت نے بتایا کہ زخمی ڈرائیور محمد اقبال کو جی ایم سی اننت ناگ لیا جا رہا تھا لیکن انہوں نے نویوگ ٹنل پار کرتے ہی دم توڑ دیا۔
انہوں نے کہا کہ اسے قاضی گنڈ ہسپتال بھی پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ انہوں نے کہ قانونی لوازمات کے بعد لاش کو چھانپہ بٹوت کے ابائی علاقے میں بھیجا جائیگا ۔