محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن کے اکڑال پوگل پرستان علاقے کے سینابتی مقام پر جمعرات کی شام تقریباً چھ بجے ایک ٹیمپو ٹرولر حادثے کا شکار ہوا، جس کے نتیجے میں ڈرائیور کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔
پولیس کے مطابق، ٹیمپو ٹرولر مسافروں کو اکڑال سے سینابتی لے کر گیا تھا اور سواریوں کو اتارنے کے بعد ڈرائیور اپنے گھر واپس آ رہا تھا۔ تاہم، اپنے گھر کے قریب بنجونی ہوچک مقام پر گاڑی سڑک سے لڑھک کر گہری کھائی میں جاگری۔ حادثے میں گاڑی کے پرخچے اُڑ گئے اور خوش قسمتی سے ڈرائیور کے علاوہ کوئی اور سوار نہ تھا۔
مہلوک ڈرائیور کی شناخت کیلاش سنگھ (عمر 35 سال)، ولد پربھات سنگھ، ساکن بنجونی ہوچک، تحصیل اکڑال پوگل پرستان کے طور پر ہوئی ہے۔
حادثے کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور مقامی افراد بڑی تعداد میں جائے حادثہ اور مہلوک کے گھر پہنچے۔ اس حادثے میں ڈرائیور کیلاش سنگھ کی موت پر پورا علاقہ سوگوار ہے۔
رامسو پولیس سٹیشن نے اس واقعے کی تحقیقات اور ضروری کارروائی شروع کر دی ہے۔