محمد تسکین
بانہال // جموں سرینگر قومی شاہراہ پر جمعہ کی صبح قریب دس بجے رام بن کے بیٹری چشمہ علاقے میں پیش آئے ایک پیٹرول ٹینکر کے حادثے کا شکار ہونے کے بعد آگ لگنے سے ڈرائیور جھلس کر ہلاک ہوگیا ہے۔
پولیس بتایا کہ بھارت پٹرولیم ڈپو جموں کا پیٹرول ٹینکر زیر نمبر JK02BV-4585 جموں سے سرینگر کی طرف جا رہا تھا، جس دوران بیٹری چشمہ کے قریب حادثے کا شکار ہو کر کھائی میں گر گیا۔
حادثے کے فوراً بعد رام بن پولیس اور سول کیو آر ٹی رام بن کے رضاکاروں نے بچاو کاروائیوں کا آغاز کیا اور کاروائی کے دوران ٹینکر ڈرائیور کی جھلسی ہوئی لاش سڑک سے نیچے کھائی سے برآمد کی۔
ڈرائیور کی شناخت رجت تھاپا ولد چرن داس ساکنہ جموں معرفت بھارت پٹرولیم ڈپو جموں کے طور کی گئی ہے۔
اس سلسلے میں پولیس سٹیشن رام بن میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے اور قانونی لوازمات کیلئے لاش کو ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا گیا ہے۔