محمد تسکین
بانہال// سبزی منڈی بانہال میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں درجنوں ٹین اور لکڑی سے بنے شیڈ خاکستر ہوگئے ہیں۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ یہاں درجنوں سبزی اور پھل فروش ٹین اور لکڑی کے بنے شیڈوں میں اپنا روزگار چلاتے تھے جن میں گزشتہ شب اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس میں بیشتر کھوکھے جل کر راکھ ہوگئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ واقع کی اطلاع ملتے ہی پولیس، فائر سروسز اور رضاکار آگ پر قابو پانے کیلئے جائے وقع پر پہنچ گئے۔
لوگوں نے بتایا کہ کڑی مشقت کے بعد آگ پر صبح قریب چار بجے قابو پا لیا گیا اور اسے مزید مارکیٹ کی طرف پھیلنے سے روک دیا گیا ہے۔
ایک اہلکار نے بتایا کہ آگ بجھانے کی کاروائی میں فائر سروسز ، پولیس، فوج، ریڈکراس اور بانہال والنٹیئر کے رضاکاروں نے مشترکہ طور کاروائی انجام دی۔
تحصیلدار بانہال امتیاز احمد اور ایس ایچ او بانہال فردوس احمد آگ بجھانے کی کاروائی کی نگرانی کر رہے تھے۔
آگ کی اس واردات میں ایک سو کے قریب ٹین اور لکڑی کے شیڈوں کو نقصان پہنچا ہے جن میں مقامی بے روزگار لوگ سبزی، پھل اور ریڈی میڈ کپڑے فروخت کر کے اپنا روزگار کماتے تھے۔
ایک اہلکار نے بتایا کہ اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کر کے آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔