عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/وادی سے باہر کشمیری طلباء اور تاجروں پر حملوں کی اطلاعات کے بعد، جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبدﷲ نے جمعرات کو کہا کہ دیگر ریاستوں میں کشمیری عوام کو نشانہ بنانا بند ہونا چاہیے۔وزیر اعلیٰ عمر عبدﷲ نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کچھ اطلاعات ہیں کہ مختلف ریاستوں میں کشمیری عوام کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
انھوں نے کہا میں بھارت کے عوام سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ کشمیری عوام کو اپنا دشمن نہ سمجھیں۔ اگر مرکز یہ کہہ رہا ہے کہ حملہ پاکستان نے کیا ہے، تو پھر جموں و کشمیر کے نوجوانوں اور طلباء کو دیگر ریاستوں میں کیوں نشانہ بنایا جا رہا ہے؟ یہ بند ہونا چاہیے۔
وزیر اعلیٰ عمر عبدﷲ نے مزید کہا کہ انہوں نے کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سے بات کی ہے اور ان سے جموں و کشمیر کے نوجوانوں کی حفاظت یقینی بنانے کی درخواست کی ہے۔ جموں و کشمیر کے لوگ امن کے دشمن نہیں ہیں۔ جو کچھ بھی ہوا، وہ ہماری مرضی سے نہیں ہوا۔ ہمیں اس صورتحال سے باہر نکلنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو پہلگام حملے میں جاں بحق ہونے والوں سے ہمدردی ہے۔ چاہے وہ مقامی شہری ہو جس نے ہمارے مہمانوں کو بچانے کے لیے گولیاں کھائیں یا وہ سیاح جو یہاں تعطیلات منانے آئے تھے، سب کے ساتھ ہمدردی ہے۔
’’ہمیں دشمن نہ سمجھیں‘‘ :بیرون ریاستوں میں کشمیریوں پر حملوں کی خبروں پر وزیر اعلیٰ عمر عبدﷲ کا بیان
