اشتیاق ملک
ڈوڈہ/ ڈوڈہ پولیس نے ایس ڈی آر ایف اور فوج کی مدد سے ایک جرات مندانہ کارروائی انجام دیتے ہوئے دریائے چناب میں پھنسے آٹھ افراد کو بحفاظت نکال لیا۔ یہ افراد عسر کے کرمیل علاقے میں ایک عارضی لکڑی کی بیڑھی پر سوار تھے جو بہتے ہوئے شہتیر اور لکڑی کے تودوں کے درمیان پھنس گئی تھی۔
پولیس ترجمان کے مطابق آدھی رات کے قریب پولیس اسٹیشن عسر کو ایک ہنگامی کال موصول ہوئی کہ دریائے چناب کے بیچوں بیچ آٹھ افراد پھنسے ہوئے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس کی کوئیک ری ایکشن ٹیموں کو ایس ڈی آر ایف کے ساتھ تمام ضروری ریسکیو آلات کے ہمراہ جائے موقع پر بھیجا گیا۔
پولیس اور ایس ڈی آر ایف اہلکاروں نے ہائی پاور ٹارچز اور مربوط رہنمائی کے ذریعے پھنسے افراد کو کنارے تک پہنچایا۔ تین گھنٹے تک جاری رہنے والے اس آپریشن کی براہِ راست نگرانی ڈپٹی ایس پی ڈی اے آر/ایس ڈی آر ایف شری عدل ریشو نے کی جبکہ ایس ایچ او عسر انسپکٹر راکیش بندرال بھی موقع پر موجود رہے۔ اس دوران ایس ایس پی ڈوڈہ سندیپ مہتا (جے کے پی ایس) براہِ راست کمان سنبھالے ہوئے تھے۔ فوج کی 48 آر آر یونٹ اور پولیس اسٹیشن بٹوٹ کی ٹیم بھی ریسکیو آپریشن میں شریک رہی۔
پولیس کے مطابق تمام آٹھ افراد کو بحفاظت نکالا گیا اور کسی بھی قسم کی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ تاہم ابتدائی تفتیش جاری ہے تاکہ یہ جانچا جا سکے کہ آیا یہ لوگ غیر قانونی طور پر دریائے چناب میں لکڑی جمع کرنے کی نیت سے داخل ہوئے تھے یا کسی اور مقصد سے۔ اگر ان کے خلاف جان بوجھ کر غیر قانونی سرگرمیوں جیسے لکڑی چوری کی کوشش یا ضلعی مجسٹریٹ کے حکم عدولی میں ملوث ہونے کی تصدیق ہوئی تو بھارتیہ نیایا سنہتا 2023 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔