عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/صوبائی کمشنر جموں، رمیش کمار نے منگل کے روز طوفانی بارشوں کے باعث مختلف اضلاع میں ہونے والے نقصانات کا تفصیلی جائزہ لیا اور ضلعی انتظامیہ و متعلقہ ایگزیکٹو ایجنسیوں کی جانب سے شروع کیے گئے مرمتی و بحالی اقدامات کی پیش رفت کا معائنہ کیا۔اجلاس کے دوران کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں چوبیس گھنٹے کنٹرول روم قائم کریں تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل اور عوام کو بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ تمام ضلعی انتظامیہ ہنگامی نوعیت کے واقعات سے مؤثر طور نمٹنے کے لیے تیار رہیں اور سڑکوں، بجلی، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی جلد از جلد بحالی کو یقینی بنائیں۔اجلاس میں طوفانی بارشوں سے متاثرہ سڑکوں، پلوں، مکانات، فصلوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
رمیش کمار نے افسران کو ہدایت دی کہ متاثرہ عوام کی فوری بازآبادکاری اور معاوضے کی فراہمی کے حوالے سے زمینی سطح پر اقدامات اٹھائیں۔انہوں نے متعلقہ محکموں سے کہا کہ وہ زمینی سطح پر ٹیمیں متحرک رکھیں اور بارشوں کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے الرٹ رہیں۔واضح رہے کہ جموں خطے میں گزشتہ 48 گھنٹوں سے شدید بارشوں کے باعث معمولات زندگی متاثر ہوئی ہے ۔
صوبائی کمشنر جموں نے بارشوں سے ہوئے نقصانات کا جائزہ لیا
