عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/صوبائی کمشنر کشمیر انشول گرگ نے کہا ہے کہ سرینگر میں ٹریفک جام ایک سنجیدہ اور مسلسل چیلنج بن چکا ہے، جس کے باعث روزانہ مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ انتظامیہ ٹریفک دباؤ کم کرنے کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہے، مگر عوامی تعاون کے بغیر خاطر خواہ تبدیلی ممکن نہیں۔
’’نو ای- رکشہ زونز‘‘کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حالیہ میٹنگ میں سرینگر روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے شہر کے کچھ اہم علاقوں کو ’’نو ای -رکشہ ا زون‘‘ قرار دیا ہے تاکہ اہم سڑکوں پر بھیڑ کم کی جاسکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت پارکنگ کے ڈھانچے کو مضبوط بنایا جا رہا ہے، جس میں ملٹی لیول پارکنگ سہولیات کی تعمیر بھی شامل ہے، تاکہ ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنایا جا سکے۔صوبائی کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک اصولوں کی پابندی کریں اور شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، کیونکہ ٹریفک نظام میں بہتری عوامی تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔