عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/اتحاد اور خدمت کے ایک علامتی اقدام کے طور پرصوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بیدھدوری، انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر وی کے بردی، ڈپٹی کمشنر سرینگر ڈاکٹر اکشے لابرو، اور ایس ایس پی سرینگر ڈاکٹر سندیپ چکرورتی نے جمعہ کے روز سرینگر کے لال چوک میں نکالے گئے روایتی آٹھ محرم کے جلوس میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شدید دھوپ میں عزاداروں کو پانی پیش کیا۔
موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی کمشنر نےکہا کہ جلوس کے پرامن اور محفوظ انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے پینے کے پانی، طبی امداد، سیکورٹی اور ٹریفک نظام سمیت تمام انتظامات پیشگی مکمل کر لیے گئے تھے۔
انہوں نے کہا ہم تمام عزاداروں سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ جلوس کے اصل مقصد پر توجہ مرکوز رکھیں اور اس کے تقدس میں کسی قسم کی تبدیلی سے گریز کریں۔ بیدھدوری نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ مذہبی جذبے اور وقار کو برقرار رکھیں۔
آئی جی پی کشمیر وی کے بردی نے نامہ نگاروں سے گفتگو میں کہا کہ آٹھ محرم کے جلوس کے پرامن انعقاد کے لیے تمام سیکورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔ جب ان سے دسویں محرم کے جلوس کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہاانتظامیہ ان تمام جگہوں پر منتظمین سے بات چیت کر رہی ہے جہاں دسویں محرم کے جلوس نکالے جاتے ہیں تاکہ ان مذہبی تقریبات کو آسانی سے منعقد کیا جا سکے۔
قابل ذکر ہے کہ آج صبح شہر کے مرکز میں نکالے گئے آٹھ محرم کے جلوس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ عزاداروں کی سہولت کے لیے ٹریفک کی از سر نو ترتیب اور رضاکاروں کی مدد کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔
صوبائی کمشنر، آئی جی پی، ڈی سی، ایس ایس پی سرینگر نے لال چوک میں محرم جلوس میں شرکت کی، عزاداروں کو پانی پیش کیا
