عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/امسال 3 جولائی سے شروع ہونے والی شری امرناتھ جی یاترا سے قبل ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پولیس شمالی کشمیر مقصود الزمان نے بدھ کے روز شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں واقع شادی پورہ ٹرانزٹ کیمپ میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے اس موقع پر میڈیا کو بتایایاترا ہمارے لئے بہت بڑا چلینج ہے جس کے لئے ہم نے یہاں غیر معمولی سکیورٹی بندوبست کیا ہے۔
ان کا کہنا تھاہمارا ایریا زیادہ نہیں ہے، یہ 8 سے 10 کلو میٹر ہے جو بالتل بیس کیمپ تک ہے، ہم نے سیکورٹی کے تمام انتظامات کئے ہیں اور اور نفری کی تعیناتی کو بھی عمل میں لایا ہے۔
موصوف ڈی آئی جی نے کہا کہ آج ہم نے یہاں ریہرسل بھی کی۔انہوں نے کہا کہ ریہرسل میں یہ دیکھا جاتا ہے کہ کہاں کہاں کمی ہے جس کو بعد میں مکمل کیا جاتا ہے۔
دریں اثنا سری نگر کے پانتھ چوک میں واقع یاتری نواس پر بھی بدھ کے روز ریہرسل کی گئی۔قابل ذکر ہے کہ امسال شری امرناتھ جی یاترا 3 جولائی سے شروع ہو کر 9 اگست کو رکشا بندھن کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔
جموں و کشمیر میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات عمل میں لائے گئے ہیں۔ یاترا کے روایتی راستوں پر بھاری تعداد میں پیرا ملٹری فورسز کو تعینات کر دیا گیا ہے، جبکہ کئی مقامات پر موبائل بینکرز اور چیک پوائنٹس بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ یاتریوں کی سلامتی کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
شری امرناتھ یاترا: ڈی آئی جی شمالی کشمیر نے شادی پورہ ٹرانزٹ کیمپ میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا
