عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/سیکورٹی اور آپریشنل ہم آہنگی کو بڑھانے کے ایک اہم اقدام میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی)وسطی کشمیر راجیو پانڈے اور ڈی آئی جی سی آر پی ایف آپریشنز شمالی رینج سری نگر سدھیر کمار نے ضلع گاندربل میں ایس او جی اور سی آر پی ایف کی مشترکہ آپریشنل مشقوں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ایس ایس پی گاندربل راگو ایس اور پولیس اور سی آر پی ایف کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ ایس او جی گاندربل اور سی آر پی ایف کے جوانوں نے اپنی آپریشنل صلاحیتوں اور ہم آہنگی کو بڑھانے کے لیے سخت تربیت اور نقلی مشقیں کیں اور جن کا مذکورہ افسروں نے جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ اس دوران سب سے پہلے ایس ایس پی گاندربل راگو ایس نے ضلع کے موجودہ سیکورٹی کے منظر نامے کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر پولیس اور سی آر پی ایف کی طرف سے کی گئی مشترکہ کارروائیوں کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن فراہم کی۔
بیان کے مطابق ڈی آئی جی وسطی کشمیر راجیو پانڈے نے جموں وکشمیر پولیس اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیم کو بریفنگ دیتے ہوئے جموں و کشمیر میں سیکورٹی کی حالیہ پیش رفت کی تفصیلات فراہم کیں اور ان سے نمٹنے کے لیے موثر حکمت عملی کی اہمیت پر زور دیا اور اس سلسلے میں افسران کی رہنمائی کی۔انہوں نے کہا کہ ڈی آئی جی سی آر پی ایف آپریشنز شمالی رینج سری نگر سدھیر کمار نے دہشت گردوں سے نمٹنے کے لیے موثر ہم آہنگی اور آپریشنل بیداری کی ضرورت پر زور دیا۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس کے بعد مشترکہ ٹیموں کے زیر استعمال ہتھیاروں اور نئے گیجٹس کی نمائش کی گئی۔انہوں نے کہا کہ یہ دورہ مخالفین سے نمٹنے کے لیے مربوط کوششوں کے مضبوط اثبات اور عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا ـ
ڈی آئی جی وسطی کشمیر اور ڈی آئی جی سی آر پی ایف شمالی رینج سری نگر نے مشترکہ آپریشنل مشقوں کا جائزہ لیا
