عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/دہلی اسمبلی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی کے ابتدائی رجحانات کے بعد جہاں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی دفتر میں جوش و خروش کا ماحول ہے، وہیں عام آدمی پارٹی کے دفتر میں کارکنوں کا جوش دھیرے دھیرے کم ہوتا جا رہا ہے اور لیڈر غائب نظر آرہے ہیں۔
جیسے ہی دہلی اسمبلی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی، عام آدمی پارٹی کے کارکن جھنڈوں اور بینروں کے ساتھ دفتر پہنچ گئے تھے لیکن جیسے ہی رجحانات آنے لگے، ان کا جوش ختم ہونے لگا اور آہستہ آہستہ لیڈر دفتر سے نکلنے لگے۔
دوسری طرف بی جے پی کے دہلی ریاستی دفتر میں جوش و خروش کا ماحول بڑھتا جا رہا ہے اور وہاں کارکنوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ بی جے پی کارکن ہاتھوں میں جھنڈے اور بینر لے کر بی جے پی اور مودی زندہ باد کے نعرے لگا رہے ہیں۔ ڈھول نگاڑے پہنچنے لگے ہیں۔ صبح سے میڈیا کی بھیڑ ہےاور اسٹیج بنایا گیا ہے۔ دفتر کے باہر بڑی بڑی اسکرینیں لگائی گئی ہیں، جس میں ووٹوں کی گنتی کا رجحان بی جے پی کے حق میں آتے ہی کارکنان مودی-مودی کے نعرے لگا رہے ہیں۔ دہلی بی جے پی کے صدر وریندر سچدیوا پارٹی دفتر پہنچ چکے ہیں اور پارٹی کے سینئر لیڈروں اور قومی ترجمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
غور طلب ہے کہ دہلی اسمبلی کی 70 سیٹوں کے لیے ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور آج نتائج کا اعلان ہونا ہے اور ابتدائی رجحانات میں بی جے پی آگے دکھائی دے رہی ہے۔ کانگریس اب تک کہیں بھی آگے دکھائی نہیں دے رہی ہے۔
دہلی اسمبلی انتخابات نتائج: عآپ دفتر کے باہر خاموشی، بی جے پی دفتر میں خوشی کی لہر
