عظمیٰ ویب ڈیسک
ممبئی/بالی ووڈ کے مشہور اور سینئر اداکار دھرمیندر کا 89 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا، جس کے بعد فلم انڈسٹری اور مداحوں میں شدید دکھ کی لہر دوڑ گئی ہے پیر کی صبح ان کی جوہو رہائش گاہ پر سخت سکیورٹی میں ایک ایمبولینس کی آمد کے بعد ان کی صحت کے حوالے سے افواہیں تیزی سے پھیلیں یہ واقعہ ایک ماہ میں ان کی صحت کا دوسرا بڑا خوف تھا۔ اسی دوران ایشا دیول اور ہیما مالنی کو پون ہنس شمشان گھاٹ میں سکیورٹی کے حصار میں دیکھا گیا، تاہم خاندان کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
دن کے آغاز ہی میں تشویش اس وقت بڑھی جب تقریباً 12:30 بجے ایک ایمبولینس کو ان کی رہائش گاہ سے روانہ ہوتے دیکھا گیا، جس نے مداحوں اور فلمی حلقوں میں بے چینی پیدا کر دی۔ اس واقعہ کے فورا بعد متعدد فلمی شخصیات بھی اداکار کی رہائش گاہ پہنچیں، جبکہ گھر اور شمشان گھاٹ کے اطراف سکیورٹی میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ دھرمیندر کی بیٹی ایشا دیول اور بیٹے سنی دیول کو گھر میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا گیا جو واضح طور پر پریشان لگ رہے تھے۔
دھرمیندر کو اس ماہ کی 12 تاریخ کو بریچ کینڈی اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تھا، جہاں انہیں 10 نومبر کو سانس کی شدید تکلیف کے باعث داخل کیا گیا تھا۔ داخلے کے دوران انہیں کچھ وقت وینٹی لیٹر کی مدد بھی لینا پڑی۔ اسپتال سے ڈسچارج کے وقت خاندان نے میڈیا اور عوام سے اپیل کی تھی کہ ان کی صحت کے بارے میں قیاس آرائیاں نہ کی جائیں۔
یہ تازہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب صرف دو ہفتے قبل دھرمیندر کی موت کی جھوٹی خبروں نے پورے ملک میں ہلچل مچا دی تھی۔ 11 نومبر کو افواہیں اس قدر پھیل گئیں کہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور شاعر جاوید اختر تک نے تعزیتی پیغامات جاری کر دیے، جن کی بعد میں تردید کرنا پڑی۔ ہیما مالنی اور ایشا دیول نے ایسی افواہوں کو انتہائی تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے سخت الفاظ میں تنقید کی تھی۔
دھرمیندر، جو ’ہی مین‘ کے لقب سے بھی مشہور تھے، گزشتہ چند ہفتوں سے متعدد صحت کے مسائل سے دوچار تھے اور حال ہی میں ان کی بائیں آنکھ کے کارنیل ٹرانسپلانٹ کا بھی عمل ہوا تھا۔ وہ 8 دسمبر کو اپنی 90ویں سالگرہ منانے والے تھے۔ پیر کی شام تک ان کے اہل خانہ کی جانب سے کسی بھی قسم کا سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا تھا، اور فلمی دنیا صورتحال پر مزید معلومات کی منتظر ہے۔
دھرمیندر 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ، فلمی برادری اور مداح افسردہ