عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ نالین پربھات نے اتوار کو کپوارہ کے درگمولہ علاقے میں واقع مقامِ شاہوالی کا دورہ کرکے انسپکٹر شاہ اسراء الحق کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی، جو جمعہ کی رات نوگام پولیس اسٹیشن میں پیش آئے خوفناک حادثاتی دھماکے میں جاں بحق ہوئے تھے۔انسپکٹر اسراء الحق ان نو افراد میں شامل تھے جنہوں نے اس دھماکے کے نتیجے میں اپنی جانیں گنوائیں۔ یہ دھماکہ اُس وقت ہوا جب پولیس اسٹیشن کے اندر ایک خصوصی ٹیم ملی ٹینسی سے متعلق ایک اہم کیس میں برآمد شدہ بارودی مواد کے نمونے جمع کرنے میں مصروف تھی۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ موقع پر ہی متعدد اہلکار ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ اس واقعے کے بعد تحقیقات کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، جبکہ اعلیٰ سطحی ٹیمیں مسلسل جائے وقوعہ کا معائنہ کر رہی ہیں۔
ڈی جی پی کے ہمراہ انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر وی کے بردی، اسپیشل ڈی جی کوآرڈی نیشن پی ایچ کیو ایس جے ایم گیلانی، اور ایڈیشنل ایس پی کپوارہ فیاض گیلانی بھی موجود تھے۔ اس اعلیٰ سطحی وفد نے سوگوار اہلِ خانہ سے ملاقات کر کے انہیں بھرپور ہمدردی، یکجہتی اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ڈی جی پی نے اہلِ خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے انسپکٹر اسراء الحق کی پیشہ ورانہ خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ مرحوم نہایت ذمہ دار، فرض شناس اور بہادر افسر تھے جنہوں نے ہمیشہ اپنے فرائض ایمانداری اور لگن سے انجام دیے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس اپنے ایک باحوصلہ اور قابل اہلکار سے محروم ہو گئی ہے، لیکن انسپکٹر اسراء کی بہادری اور انسان دوستی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق، کاروباری، سول انتظامیہ اور سیکیورٹی ایجنسیوں کے کئی اعلیٰ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے جنہوں نے اسراء الحق کے خاندان کو یقین دلایا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پورا محکمہ اور انتظامیہ ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ اہلِ خانہ کو سرکاری سطح پر دستیاب تمام معاونت فراہم کرنے کی بھی مکمل یقین دہانی کرائی گئی۔انسپکٹر اسراء الحق نہایت معتبر اور احترام یافتہ نوجوان تھے، اپنی دیانت داری، خوش اخلاقی اور عوامی خدمت کے باعث علاقے میں ایک منفرد مقام رکھتے تھے۔ ان کی ناگہانی موت نے پورے گاؤں کو سوگوار بنا دیا ہے اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔
پولیس سربراہ کا سینئر پولیس افسران کے ہمراپ کپوارہ دورہ، نوگام دھماکے میں جاں بحق انسپکٹر کے اہلِ خانہ سے تعزیت