اشتیاق ملک
ڈوڈہ // ضلع ڈوڈہ کے سب ڈویژن گندوہ سمیت بھدرواہ اور ٹھاٹھری میں طوفانی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے بڑے پیمانے پر تباہی مچ گئی ہے۔ سب ڈویژن گندوہ میں آج چوتھے روز بھی مواصلاتی نظام مکمل طور پر ٹھپ رہا جبکہ تحصیل چلی پنگل، کاہرہ، گندوہ اور چنگا کے درجنوں دیہات پانچویں روز بھی بجلی اور پانی جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ ہرویندر سنگھ نے ضلعی و سب ڈویژنل انتظامیہ کے ہمراہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے نقصانات کا جائزہ لیا اور کہا کہ متاثرین کی بازآبادکاری و راحت کاری کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔شدید بارشوں کے نتیجے میں دو کمسن بچیوں سمیت پانچ افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوا۔ گندوہ کے سرلہ سمائی میں روبینہ بیگم نالے میں بہہ گئی، چلی پنگل کے امرت پورہ میں 13 سالہ عاصیہ بانو مکان گرنے سے جاں بحق ہوئی جبکہ کاہرہ کے ٹانٹا گاؤں میں 25 سالہ نور محمد نالے کی نذر ہوگیا۔ اسی طرح بھدرواہ کے تھنالہ میں 12 سالہ راحیلہ مکان کی چھت گرنے سے جاں بحق ہوئی اور گندوہ کے کلہوتران گاؤں میں گلشن بیگم لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آکر دم توڑ گئی۔ادھر تحصیل چلی پنگل کی ملکپورہ–چلی سڑک کا 300 میٹر حصہ بہہ جانے سے 10 پنچائتوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، تاہم انتظامیہ نے عارضی طور پر سڑک کو بحال کر دیا ہے۔ ایم ایل اے بھدرواہ دلیپ سنگھ پریہار، ڈپٹی کمشنر ہرویندر سنگھ اور دیگر افسران نے متاثرہ علاقوں کا معائنہ کیا۔ مزید برآں بلاک چلی کے میہاڈ دھار میں ریچھ کے حملے میں 25 سالہ انکش کمار شدید زخمی ہوگیا جسے فوج اور مقامی افراد کی مدد سے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے اسے بعد میں گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ ریفر کر دیا گیا۔