جموں/ مرکزی وزیر ڈاکٹر جیتندر سنگھ کا کہنا ہے کہ خراب موسمی صورتحال کے باوجود سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر بحالی کا کام رات دن جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہ کو آنے والے کچھ گھنٹوں میں جزوی طور بحال کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ خراب موسمی صورتحال کے نتیجے میں کئی مقامات پر مٹی کے تودے اور چٹانیں کھسک آنے کے باعث قومی شاہراہ پر گذشتہ چھ دنوں سے ٹریفک کی نقل و حمل متاثر ہے۔
موصوف وزیر نے اتوار کو ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘ضلعی انتظامیہ اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا ( این ایچ اے آئی) کی مشترکہ کوششوں کے بعد جموں – سری نگر قومی شاہراہ کو بنی نالہ کے مقام پر گذشتہ روز ضروری سامان لے جانے والی گاڑیوں کے لیے کھول دیا گیا تھا لیکن بدقسمتی سے شدید بارش کی وجہ سے تھاڈ کے مقام پر کل رات مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے قومی شاہراہ دو بارہ بند ہو گئی۔
انہوں نے کہا: ‘ خراب موسم کے باوجود، کام قومی شاہراہ پر بحالی کا کام چوبیس گھنٹے جاری ہے، ضلع مجسٹریٹ اودھم پور سلونی رائے موقع پر موجود ہیں اور امید ہے کہ اگلے 4 یا 5 گھنٹوں میں سڑک جزوی طور پر ضروری گاڑیوں کے لیے کھول دیا جائے گا’۔