عظمیٰ ویب ڈیسک
نیویارک// بھارت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کشمیر کے مسئلے کو اُٹھانے پر پاکستان پر شدید تنقید کی اور اسے “گمراہ کُن اور اشتعال انگیز” قرار دیا۔
اقوام متحدہ میں بھارت کے مستقل نمائندے پروتھانی ہریش نے پاکستان کے نمائندے کی تقریر کے جواب میں کہا کہ “یہ قابل مذمت اور متوقع ہے کہ ایک وفد نے معلومات کو توڑ مروڑ کر پروپیگنڈہ کیا”۔
انہوں نے پاکستان میں اقلیتوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کی خراب حالت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر سال اقلیتی برادریوں کی خواتین کو اغوا، جبری مذہب تبدیلی اور جبری شادیوں کا سامنا ہے۔
بھارتی نمائندے نے سلامتی کونسل میں خواتین کی امن سازی کے موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارت خواتین کی شرکت کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے اور ملک میں خواتین کی طاقت کو بڑھانے کے لیے تاریخی خواتین ریزرویشن بل 2023 کی منظوری دی ہے۔
ہریش نے مزید کہا کہ بھارت نے 2007 میں لائبیریا میں خواتین کی پہلی مکمل پولیس یونٹ تعینات کی اور بھارت کے 100 سے زائد خواتین امن محافظین عالمی سطح پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت ٹیکنالوجی کے استعمال سے خواتین کی شرکت میں اضافہ کرنے اور ڈیجیٹل خلا کو کم کرنے پر بھی توجہ دے رہا ہے۔