عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/مرکزی وزیر برائے پارلیمانی و اقلیتی امور کرن رجیجو نے حضرت بل درگاہ میں نصب قومی نشان اشوک چکر کی بے حرمتی اور توڑ پھوڑ کے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔انہوں نے ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں کہاحضرت بل درگاہ امن کی علامت ہے۔ اس درگاہ کا پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی (ص)کے تبرکات کے ساتھ گہرا تعلق ہے جو اس مقام کو ایمان و اتحاد کی علامت بناتا ہے۔ میں درگاہ حضرتبل میں نصب مقدس اشوک ایمبلم کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ ‘
یہ ردعمل اس وقت سامنے آیا جب جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے بھی اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ’’دہشت گردانہ حملہ‘‘ قرار دیا اور ملوث عناصر کے خلاف فوری قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا گیا کہ چند افراد نے درگاہ حضرتبل کے افتتاحی پتھر پر کندہ قومی نشان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ ان افراد نے دعویٰ کیا کہ’مجسمہ سازی اسلامی تعلیمات کے منافی ہے۔
دریں اثنا ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے موصوف وزیر کا اس پوسٹ پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں کہاجناب کرن رجیجو جی، ہم آپ کے ان الفاظ کے شکر گذار ہیں جموں و کشمیر وقف بورڈ کو آپ کی دور اندیش رہنمائی اور تعاون پر فخر ہے۔
ان کا کہنا تھاسال 2022 میں جموں و کشمیر میں نئے وقف بورڈ کی تشکیل کے بعد، پہلی بار سنٹرل وقف ایکٹ کے تحت، ہم نے وزیر اعظم نریندر مودی کے شفافیت اور جوابدہی کے ساتھ ترقی کے وژن کے لیے خود کو وابستہ کیا۔انہوں نے مزید کہاجموں و کشمیر میں وقف نظام کو غلط استعمال، غلط انتظام اور لوٹ کھسوٹ سے آزاد کرنا بہت مشکل کام تھا۔ ہمارے ترقیاتی مشن کو منوج سنہا کی قیادت والی یونین ٹریٹری انتظامیہ کا بھرپور تعاون حاصل ہوا۔
قومی نشان کی بے حرمتی کسی طور برداشت نہیں کی جا سکتی: کرن رجیجو
