نائب وزیر اعلیٰ کی مقتول نوجوان کے اہل خانہ سے ملاقات، غیر جانبدارانہ تحقیقات کی یقین دہانی

KU Admin
2 Min Read

عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے آج جموں کے پھلیان منڈل علاقے کا دورہ کیا جہاں حالیہ پولیس کارروائی میں ایک نوجوان کی ہلاکت ہوئی تھی۔ انہوں نے متوفی نوجوان کے اہل خانہ سے ملاقات کی، ان کے دکھ درد میں شریک ہوئے اور انہیں حکومت کی جانب سے ہر ممکن انصاف کی یقین دہانی کرائی۔
نائب وزیر اعلیٰ نے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی ہدایت پر آپ کے پاس آیا ہوں۔ آپ کے ساتھ بہت بڑی ناانصافی اور ظلم ہوا ہے۔ حکومت آپ کے ساتھ کھڑی ہے اور انصاف دلانے کے لیے تمام تر اقدامات کرے گی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ خود پولیس افسر اس بات کا اعتراف کر رہا ہے کہ جاں بحق نوجوان ’شہید‘ ہے، جس کے بعد کسی وضاحت کی گنجائش باقی نہیں رہتی۔ انہوں نے اس موقع پر واضح کیا کہ پولیس لیفٹیننٹ گورنر کے ماتحت کام کرتی ہے.
سریندر کمار چودھری نے اعلان کیا کہ اس معاملے کی اعلیٰ سطحی اور غیر جانبدارانہ تحقیقات عمل میں لائی جائے گی اور جو کوئی بھی اس میں ملوث پایا گیا، اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہوگی کہ متاثرہ خاندان کو مکمل امداد فراہم کی جائے۔
نائب وزیر اعلیٰ نے یہ بھی بتایا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ خود بھی آنے والے دنوں میں متاثرہ خاندان سے ملاقات کریں گے تاکہ ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے۔
پھلیان منڈل میں پیش آئے اس واقعے کے بعد مقامی سطح پر غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے، اور عوام انصاف کی فوری فراہمی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ نائب وزیر اعلیٰ کے دورے کو حکومت کی سنجیدگی کی علامت قرار دیا جا رہا ہے، تاہم عوام اس معاملے میں عملی اقدامات اور فوری انصاف کے منتظر ہیں۔

Share This Article