عظمیٰ ویب ڈیسک
بھونگر/وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتے کے روز ’آتم نربھرتا‘ (خود انحصاری) پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کا اصل دشمن کوئی ملک نہیں بلکہ دوسروں پر انحصار ہے، اور ملک کو چِپ (semiconductor) سے لے کر شپ (جہاز) تک سب کچھ خود تیار کرنا ہوگا۔مودی نے اِن باتوں کا اظہارگجرات کے بھونگر گاندھی میدان میں منعقدہ ’سمندر سے سمردھی‘ پروگرام سے خطاب کے دوران کیا، اِس موقعہ پر وزیر اعظم مودی نے34,200 کروڑ روپے لاگت کے منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔
خطاب کے دوران مودی نے کہاحقیقی معنوں میں بھارت کا دنیا میں کوئی بڑا دشمن نہیں ہے۔ بھارت کا واحد دشمن دوسروں پر انحصار ہے۔ ہمیں اس انحصار کو شکست دینا ہے۔ ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ جتنا ہم دوسروں پر انحصار کرتے ہیں، ناکامی کا امکان اتنا ہی بڑھ جاتا ہے۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا’چِپ ‘سے ’شپ ‘تک ہمیں سب کچھ خود بنانا ہوگا۔ امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے دنیا کی سب سے بڑی آبادی والے ملک کو خود انحصار بننا پڑے گا۔وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کی تمام مشکلات کا واحد علاج آتم نربھرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملک ہر سال بیرونی کمپنیوں کو اپنے سامان کی ترسیل کے لیے 6 لاکھ کروڑ روپے ادا کرتا ہے، جو تقریباً دفاعی بجٹ کے برابر ہے۔مودی نے کہا کہ تقریباً 50 سال قبل بھارت کی 40 فیصد تجارت بھارتی جہازوں سے ہوتی تھی، جو اب گھٹ کر صرف 5 فیصد رہ گئی ہے۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ان کی حکومت نے سمندری شعبے کو مضبوط کرنے کے لیے ایک تاریخی فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت بڑے جہازوں کو انفراسٹرکچر کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا،بھارت کی بندرگاہیں ہمارے ملک کے ایک عالمی سمندری طاقت کے طور پر ابھرنے کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔کانگریس پر حملہ کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے لائسنس راج جیسے پابندیوں کے ذریعے بھارتی عوام کی فطری صلاحیتوں کو دبایا۔
خودانحصاری ہی بھارت کے تمام مسائل کا حل ہے : وزیر اعظم مودی
