عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی// عدالتی تحویل میں 15 دن کی توسیع کے بعد پیر کے روز دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو تہاڑ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔
کیجریوال کو ایکسائز پالیسی سے منسلک منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے 21 مارچ کو گرفتار کیا تھا۔ اُنہیں پیر کو تہاڑ جیل لایا گیا ، جہاں اُنہیں جیل نمبر 2 میں رکھا جائے گا۔ قبل ازیں اُنہیں طبی معائنہ کے لیے لے جایا گیا۔ بعد میں اُنہیں ایک الگ سیل میں رکھا جائے گا۔
عام آدمی پارٹی لیڈر سنجے سنگھ، جنہیں گزشتہ سال اکتوبر میں اسی معاملے میں گرفتار کیا گیا تھا، پہلے جیل نمبر 2 میں بند تھے لیکن حال ہی میں انہیں جیل نمبر 5 میں منتقل کیا گیا۔
نائب منیش سسودیا، جو اسی کیس کے سلسلے میں جیل میں ہیں، جیل نمبر 1 میں بند ہیں، جبکہ بی آر ایس لیڈر کے کویتا خواتین کی جیل کی جیل نمبر 6 میں ہیں۔
اس سے پہلے دن میں، کیجریوال کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی حراست ختم ہونے کے بعد خصوصی جج کاویری باویجا کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ ای ڈی نے کجریوال کی 15 دن کی عدالتی تحویل کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ “مکمل طور پر تعاون نہیں کر رہے” ہیں۔