عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے سرینگر کے نوگام تھانے میں ہونے والے خوفناک دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ایل جی سنہا نے ایک پوسٹ میںکہا کہ حکومت جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ، دوستوں اور عزیزوں کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہاانتہائی افسوسناک حادثاتی دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دل شدید رنجیدہ ہے۔ میں سوگوار خاندانوں سے تعزیت کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں۔ متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کی جارہی ہے۔ میں نے حادثاتی دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
دریں اثنا، وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی حادثاتی دھماکے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔کم از کم 9 افراد، جن میں اسٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی (SIA) کا ایک افسر، ایک نائب تحصیلدار اور ایک درزی شامل ہیں، جان کی بازی ہار گئے جبکہ 31 افراد زخمی ہوئے، جب فریدآباد ملی ٹینٹ ماڈیول سے ضبط کیا گیا بارودی مواد نوگام تھانے کے اندر اچانک پھٹ گیا۔
نوگام دھماکہ میں 9افراد کی موت ، ایل جی منوج سنہا اور وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کا اظہارِ افسوس