یو این آئی
سرینگر// جموں وکشمیر بی جے پی انچارج ترون چگ نے جمعے کے روز کہاکہ اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان خوش آئند اقدام ہے۔انہوں نے کہاکہ اسمبلی انتخابات میں بھاجپا کی جیت یقینی ہے ۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔
ترون چگ نے کہا:’ بھارتیہ جنتاپارٹی الیکشن کے لئے پوری طرح سے تیار ہے۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر اور ہریانہ اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کیا گیا جو خوش آئند بات ہے۔‘انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں جموں وکشمیر آگے بڑھ رہا ہے ، ہر شعبے میں مرکزی زیر انتظام علاقے نے ترقی کی ہے۔
بی جے پی جموں وکشمیر انچارج کے مطابق دفعہ 370کی تنسیخ کے بعد جموں وکشمیر میں حالات بہتر ہوئے ہیں ۔ان کے مطابق جموں وکشمیر کے لوگوں کو وزیر اعظم نریندر مودی پر بھروسہ اور اعتماد ہے اور ہمیں پورا یقین ہے کہ اس بار جموں وکشمیر میں بی جے پی حکومت تشکیل دینے میں کامیاب ہو جائے گی۔
بتادیں کہ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات تین مراحل میں ہوں گے، جس میں پہلا مرحلہ 18 ستمبر، دوسرا25 ستمبر اورتیسرا مرحلہ یکم اکتوبر کو ہوگا، ووٹوں کی گنتی چار اکتوبر کو ہوگی۔