عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/وزیراعظم نریندر مودی نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ امریکہ کے ساتھ تجارتی مذاکرات کا فیصلہ جلد کیا جائے گا اور وہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے بات چیت کے منتظر ہیں ۔ وزیر اعظم نے یہ بات امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے جواب میں کہی ۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان اور امریکہ گہرے دوست اور قدرتی شراکت دار ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ تجارت سے متعلق ہماری بات چیت ہند-امریکہ شراکت داری کے بے شمار امکانات کو اجاگر کرنے کا راستہ ہموار کرے گی۔ ہماری ٹیمیں ان مذاکرات کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔ میں صدر ٹرمپ سے بات چیت کے لیے بھی پُر جوش ہوں۔ ہم دونوں ملکوں کے عوام کے لیے ایک روشن اور خوشحال مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے مل کر کام کریں گے۔
اس سے قبل امریکی صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا: مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہندوستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے مذاکرات جاری ہیں۔ میں آنے والے ہفتوں میں اپنے بہت اچھے دوست، وزیر اعظم مودی سے بات چیت کے لیے پُر امید ہوں۔ مجھے پورا یقین ہے کہ ہمارے دونوں عظیم ممالک کے لیے کسی کامیاب نتیجے تک پہنچنے میں کوئی دقت پیش نہیں آئے گی۔
امریکہ کے ساتھ تجارت سے متعلق مذاکرات کا فیصلہ جلد : نریندر مودی
