عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کی وزیر تعلیم، سکینہ ایتو نے ہفتے کے روز کہا کہ ریاستی حکومت اتوار کو موسم گرما کی چھٹیوں میں ممکنہ توسیع کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرے گی، کیونکہ خطے میں جاری شدید گرمی کی لہر تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سکینہ ایتو نے والدین اور طلباء کی بڑھتی ہوئی تشویش کا اعتراف کیا اور کہا کہ محکمہ تعلیم کو چھٹیوں میں توسیع کے لیے مسلسل فون کالز موصول ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا’’ہمیں بہت سے والدین اور طلباء کی جانب سے کالیں موصول ہوئی ہیں جو موسم کی شدت کی وجہ سے گرمیوں کی چھٹیوں میں توسیع کی اپیل کر رہے ہیں۔
وزیر تعلیم نےکہا کہ موسم کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اتوار کو باضابطہ فیصلہ لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہاہم صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اگر کل بھی گرمی کی لہر برقرار رہی، تو ہم بچوں کی صحت و سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے موزوں فیصلہ کریں گے۔
شدید موسم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سکینہ ایتو نے بارش اور اللہ کی رحمت کی دعا کی۔ انہوں نے کہاہم بارش کے لیے دعا گو ہیں اور امید کرتے ہیں کہ اللہ ہم پر رحم فرمائے۔ طلباء کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے۔
قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں گزشتہ چند دنوں سے غیر معمولی طور پر شدید گرمی کا سامنا ہے، جس کے باعث مختلف حلقوں کی جانب سے گرمیوں کی تعطیلات میں توسیع کا مطالبہ شدت اختیار کر گیا ہے۔واضح رہے کہ سرکاری اور تسلیم شدہ نجی اسکولوں کے لیے پہلے سے اعلان شدہ چھٹیاں اتوار (کل) ختم ہو رہی ہیں۔
گرمائی تعطیلات میں توسیع کا فیصلہ کل لیا جائے گا : سکینہ یتو
