عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/سابق وزیر اور گوجر-بکروال کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ چودھری اعجاز احمد خان نے جموں میں پولیس اہلکاروں اور مبینہ کراس فائرنگ کے دوران 21 سالہ محمد پرویز کے سفاکانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے اس واقعے کو ’’ قتل‘‘قرار دیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر جموں و کشمیر سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر متعلقہ حکام کو عدالتی تحقیقات کا حکم دیں۔پریس کے نام ایک بیان میں اعجاز احمد خان نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے اور انہیں فوری طور پر معطل کیا جائے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے ایک برس کے دوران گوجر-بکروال طبقے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو ہراساں کرنے اور غیرقانونی طریقے سے قتل کرنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہاگوجر-بکروال کمیونٹی ایک محب وطن اور قانون کی پاسداری کرنے والا طبقہ ہے، اسے عزت ،وقار اور بہترسلوک ملنا چاہیے۔
اعجاز احمد خان نے زور دیا کہ انصاف صرف ہونا ہی نہیں چاہیے بلکہ ہوتا ہوا دکھائی بھی دینا چاہیے تاکہ عوام کا نظام عدل پر اعتماد بحال ہو اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو۔
جموں میں نوجوان کی پولیس فائرنگ میں ہلاکت افسوسناک،عدالتی تحقیقات کا حکم دیا جائے: چودھری اعجاز احمد خان
