عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر (PoK) کے لوگ بھارتی خاندان کا حصہ ہیں اور وہ دن دور نہیں جب وہ خود بخود بھارت کے مرکزی دھارے میں واپس آ جائیں گے، یہ بات بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جمعرات کو کہی۔
پاکستان کے حوالے سے بھارت کی پالیسی کا خاکہ پیش کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہا کہ نئی دہلی نے ملی ٹینٹوں کے خلاف اپنی حکمت عملی اور ردعمل کو ’’نئے سرے سے ڈیزائن اور متعین‘‘کیا ہے اور اسلام آباد کے ساتھ ممکنہ بات چیت صرف ملی ٹینسی اور PoK پر ہی ہوگی۔
سی آئی آئی بزنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے خاص طور پر PoK کے عوام سے مخاطب ہو کر کہا کہ بھارت انہیں اپنے ’’خاندان‘‘کا حصہ سمجھتا ہے۔انہوں نے کہا، میں یقین رکھتا ہوں کہ پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر کے لوگ ہمارے اپنے ہیں، ہمارے خاندان کا حصہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا، ہمیں مکمل یقین ہے کہ ہمارے وہ بھائی جو آج جغرافیائی اور سیاسی طور پر ہم سے الگ ہیں، وہ بھی ایک دن اپنی روح کی آواز سن کر بھارت کے مرکزی دھارے میں واپس آئیں گے۔راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ PoK کے بیشتر لوگ بھارت کے ساتھ ’’گہرا تعلق‘‘محسوس کرتے ہیں اور صرف چند لوگ ہی ’’گمراہ‘‘ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا، بھارت ہمیشہ دلوں کو جوڑنے کی بات کرتا ہے، اور ہم یقین رکھتے ہیں کہ محبت، اتحاد اور سچائی کے راستے پر چل کر وہ دن ضرور آئے گا جب ہمارا اپنا حصہ، PoK، خود کہے گا: میں بھارت ہوں، میں واپس آ گیا ہوں۔
پاکستان کو واضح پیغام دیتے ہوئے سنگھ نے کہا کہ ملی ٹینسی کا کاروبار اب فائدہ مند نہیں رہا اور اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی، جس کا اسلام آباد کو اب احساس ہو چکا ہے۔اپنے خطاب میں وزیر دفاع نے بھارت کی اندرونِ ملک دفاعی صلاحیتوں کو بھی اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ دس سال قبل بھارت کی دفاعی برآمدات ایک ہزار کروڑ روپے سے بھی کم تھیں لیکن آج یہ ریکارڈ 23,500 کروڑ روپے تک پہنچ چکی ہیں۔
راج ناتھ سنگھ نے کہا، آج یہ ثابت ہو چکا ہے کہ دفاع میں’’میک ان انڈیا‘‘نہ صرف بھارت کی سلامتی بلکہ خوشحالی کے لیے بھی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ آپریشن سندور کے دوران بھارت کے مقامی نظاموں نے دنیا کو حیران کر دیا کیونکہ ہمارے پلیٹ فارمز اور نظاموں نے اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے مزید کہا، آج ہم صرف لڑاکا طیارے یا میزائل سسٹم ہی نہیں بنا رہے بلکہ ہم نئی نسل کی جنگی ٹیکنالوجی کے لیے بھی تیاری کر رہے ہیں۔
وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کے لوگ خود بھارت واپس آئیں گے: راج ناتھ سنگھ
