عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر سید درخشاں اندرابی نے جمعہ کو جموں کے مرکزی وقف دفتر میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں پرچم کشائی کی اور گزشتہ ایک سال کے دوران بورڈ کے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ملازمین کو اعراز سے نوازا۔
اس موقع پر بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر سید ماجد جہانگیر، ایڈمنسٹریٹر جموں مدثر اقبال اور بورڈ کے تحصیلدار برائے جموں صوبہ فرید احمد بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر اندرابی نے سی ای او ڈاکٹر ماجد جہانگیر کو بورڈ میں ان کے تعاون پر خصوصی ایوارڈ پیش کیا۔
بعد ازاں ڈاکٹر اندرابی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت کو جمہوریت کی ماں ہونے کا اعزاز حاصل ہے اور ہمارا آئین جمہوریت اور تمام شہریوں کی مساوات میں ہمارے تہذیبی یقین کی عکاسی کرتا ہے۔
آئین سازوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر اندرابی نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمارے پاس دنیا کا بہترین آئین موجود ہے اور اس نے ہمیں اپنے اقداری نظام اور جمہوری اداروں کو پروان چڑھانے میں مدد فراہم کی ہے۔
ڈاکٹر اندرابی نے کہا، “گزشتہ دس سالوں کے دوران، وزیر اعظم نریندر مودی کی دور اندیش قیادت میں، ہمارا ملک جدید عالمی معاملات میں ایک رہنما کے طور پر ابھرا ہے۔ ہم بلاشبہ اب وشوا گرو ہیں اور بھارت کا ہر شہری بھارت کی اس جدید اور غیر معمولی ترقی کی کہانی کا حصہ ہے”۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اس دنیا کا واحد ملک ہے جس میں اس قدر تنوع ہے اور یہ پھولوں کی مختلف اقسام کے ایک خوبصورت درجہ کی طرح ہے۔ “ہندوستان ہم آہنگی پر یقین رکھتا ہے کسی اندرونی یا بیرونی مجبوری کی وجہ سے نہیں بلکہ اس عظیم سرزمین کی قدیم روایت کی وجہ سے جہاں تنوع کا ہمیشہ احترام اور قبول کیا جاتا رہا ہے۔ آئیے سب مل کر اس ملک کو زندگی کے تمام شعبوں میں عالمی رہنما بنانے کے لیے متحد ہوجائیں جیسا کہ ہمارے معزز وزیر اعظم نے تصور کیا تھا”۔