عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر// سری نگر میں گزشتہ شب ہوئی بارشوں کے بعد سمارٹ سٹی پروجیکٹ سرینگر کی ہوا نکل گئی ہے۔ بارش کے بعد نالیوں کا پانی گھسنے سے پولو ویو مارکیٹ میں تقریباً نصف درجن دکانوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ متعلقہ حکام کادعویٰ ہے کہ علاقے میں نکاسی آب نظام میں کوئی خرابی نہیں ہے۔
پولویو مارکیٹ کے صدر حاجی محمد اسماعیل نے کہا کہ بارش اور نالیوں کا پانی مارکیٹ کی چند دکانوں میں داخل ہو گیا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ دکانوں میں پانی کیسے آیا۔
اُنہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں کی ایک ٹیم نے علاقے کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔
سرینگر سمارٹ سٹی کے سی ای او اطہر عامر نے کہا کہ نکاسی آب میں کوئی خرابی نہیں ہے کیونکہ مارکیٹ کی تمام نالیاں تقریباً خشک ہیں۔
اُنہوں نے کہا،”ہم اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ پانی پچھلی طرف سے داخل ہوا ہے۔ میں یہاں اپنی ٹیم کے ساتھ حقائق کا پتہ لگانے کے لیے آیا ہوں“۔
یاد رہے کہ حال ہی میں کروڑوں روپے خرچ کرنے کے بعد سرینگر کی پولو ویو مارکیٹ کی تجدید و مرمت کی گئی تھی، جی 20 ٹورازم ورکنگ گروپ کے مندوبین نے بھی مارکیٹ کا دورہ کیا تھا۔
حکام کا دعویٰ ہے کہ شہر میں نکاسی آب کیلئے پختہ بندوبست کئے گئے ہیں اور زیرِ زمین نالیوں کا مضبوط جال بچھایا گیا ہے۔