سرینگر// سائبر پولیس کشمیر زون، سرینگر نے 2024 میں آن لائن دھوکہ دہی کے شکار افراد سے لوٹے گئے 4.72 کروڑ روپے برآمد کرکے ایک نئی مثال قائم کی ہے۔
ایک جاری کردہ بیان میں سائبر پولیس کشمیر نے کہا کہ برآمد شدہ رقم کو ان کے جائز مالکان کے حوالے کر دیا گیا اور سائبر جرائم میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔
بیان میں کہا گیا، “یہ اہم کامیابی سائبر پولیس کشمیر کے سائبر جرائم سے نمٹنے اور شہریوں کو مالی نقصانات سے محفوظ رکھنے کے عزم کو ظاہر کرتی ہے”۔
حکام کے مطابق، سائبر پولیس کشمیر زون، سرینگر نے سال بھر میں 30 ایف آئی آر درج کیں، جن میں سے 10 کو چارج شیٹ کرکے عدالتی کارروائی کے لیے بھیجا گیا۔
یونٹ نے نیشنل سائبر کرائم رپورٹنگ پورٹل (این سی سی آر پی) پر درج 577 شکایات کو حل کیا اور 1,700 دیگر متفرق شکایات کو بھی نمٹایا، جو عوامی شکایات کے حل اور خدمات کی فراہمی کے لیے اس کی وابستگی کو ظاہر کرتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ مختلف آن لائن جرائم میں استعمال ہونے والے 1,833 جعلی سم کارڈز کے خلاف کاروائی کی گئی، اور لاکھوں روپے مالیت کے 150 گمشدہ موبائل فونز برآمد کرکے ان کے اصل مالکان کو واپس کر دیے گئے۔
پولیس ترجمان نے کہا، “عملی کامیابیوں کے ساتھ ساتھ، سائبر پولیس کشمیر زون نے عوامی شعور کو اجاگر کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی اور تعلیمی اداروں اور سرکاری دفاتر میں متعدد ورکشاپس کا انعقاد کیا تاکہ شہریوں کو ابھرتے ہوئے سائبر خطرات اور آن لائن حفاظت کے طریقوں کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے”۔
اُنہوں نے کہا کہ “یہ کامیابیاں سائبر پولیس کے وسیع نقطہ نظر کو اجاگر کرتی ہیں جو مالی دھوکہ دہی سے لے کر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے غلط استعمال تک کے مختلف سائبر جرائم سے نمٹنے کے لیے اختیار کیا گیا ہے۔ سائبر پولیس شہریوں کی ڈیجیٹل بہبود کے تحفظ اور سب کے لیے ایک محفوظ آن لائن ماحول کو فروغ دینے کے اپنے مشن پر ثابت قدم ہے”۔
آن لائن دھوکہ دہی کے خلاف کاروائی: سائبر پولیس کشمیر نے 2024 میں 4.72 کروڑ روپے بازیاب کر لیے
