عظمیٰ ویب ڈیسک
لیہہ/لیہہ میں جمعہ کے روز معمولات زندگی بحالی کی جانب لوٹتے دکھائی دئیےجب انتظامیہ نے کرفیو میں مزید نرمی کا اعلان کرتے ہوئے دکانوں اور بازاروں کو صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک کھولنے کی اجازت دی۔ کئی روز سے جاری پابندیوں اور بندشوں کے بعد لوگ ضروری اشیاء کی خریداری اور روزمرہ امور کے لیے گھروں سے باہر نکلے، تاہم فضا میں ابھی بھی احتیاط کا پہلو نمایاں رہا۔
لیہہ کے بازار، جو 24 ستمبر کے پرتشدد واقعات کے بعد سے بڑی حد تک بند تھے، آج دوبارہ کھل گئے اور دکانداروں نے شٹر اٹھا کر کاروبار شروع کیا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس نرمی سے گھریلو اور کاروباری مشکلات میں کچھ راحت ملی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق یہ فیصلہ قانون و امن کی صورتحال کو دیکھنے کے بعد کیا گیا ہے جو 24 ستمبر کے واقعات کے بعد سے قابو میں ہے۔ تاہم حساس مقامات پر سیکورٹی فورسز کی تعیناتی بدستور برقرار ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکا جا سکے۔
بتادیں کہ احتجاج کے دوران پولیس فائرنگ سے چار شہریوں کی ہلاکت کے بعد لیہ شہر میں کرفیو اور انٹرنیٹ معطلی نافذ کی گئی تھی۔ پابندیوں میں نرمی کے باوجود موبائل انٹرنیٹ خدمات تاحال معطل ہیں جبکہ عوامی اجتماعات پر پابندی برقرار ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگر امن قائم رہا تو مزید نرمی دی جائے گی۔
لیہہ میں کرفیو میں مزید نرمی، صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک بازار کھولنے کی اجازت
