عظمیٰ ویب ڈیسک
لہیہ/لیہہ میں گزشتہ ہفتے پرتشدد جھڑپوں کے بعد منگل کے روز کرفیو میں سات گھنٹے کی ڈھیل دی گئی، جس کے دوران بازاروں میں آہستہ آہستہ رونق لوٹتی نظر آئی اور لوگوں کو کچھ راحت ملی۔ یہ نرمی صبح دس بجے سے سہ پہر پانچ بجے تک دی گئی، جس کے دوران لازمی اشیاء کی دکانیں کھلنے کی اجازت ہے۔حکام کے مطابق پیر کو بھی شام چار بجے سے دو گھنٹے کے لیے کرفیو ہٹایا گیا تھا تاکہ 24 ستمبر کو جھڑپوں میں جان بحق چار افراد کی آخری رسومات کے بعد ماحول کو معمول پر لایا جا سکے۔ جاں بحق افراد میں ایک ریٹائرڈ فوجی اہلکار بھی شامل تھا۔
پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ گزشتہ بدھ کے تشدد کے بعد سے کوئی بڑا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حساس علاقوں میں پولیس اور نیم فوجی دستے بڑی تعداد میں تعینات ہیں اور حالات پر سخت نگرانی رکھی جا رہی ہے۔ کرفیو میں مزید نرمی کا فیصلہ حالات کو دیکھ کر کیا جائے گا۔سرکاری ترجمان کے مطابق کرفیو میں دی گئی نرمی کے دوران کریانہ، سبزی، ہارڈویئر اور ضروری خدمات فراہم کرنے والی دکانوں کو کھولنے کی اجازت دی گئی۔ اس سے قبل ہفتے کو پہلی مرتبہ دو دو گھنٹے کے لیے الگ الگ علاقوں میں نرمی دی گئی تھی۔اس دوران لیہہ شہر میں انٹرنیٹ خدمات بدستور معطل ہیں، جبکہ پانچ یا اس سے زیادہ افراد کے جمع ہونے پر پابندی ابھی بھی پورے لداخ میں نافذ ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا روزانہ سیکورٹی جائزہ میٹنگز کی صدارت کر رہے ہیں۔ انہوں نے پیر کو عوام سے امن و امان قائم رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ترقی کی بنیاد امن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ہر طبقے سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اتحاد اور ہم آہنگی کو برقرار رکھیں اور شرپسند عناصر کے بہکاوے میں نہ آئیں۔یاد رہے کہ 24 ستمبر کو لیہہ ایپکس باڈی کی اپیل پر دی گئی ہڑتال کے دوران احتجاج پرتشدد رخ اختیار کر گیا تھا، جس کے بعد انتظامیہ نے فوری طور پر کرفیو نافذ کر دیا۔
اس دوران 60 سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا، جن میں ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک بھی شامل ہیں، جنہیں 26 ستمبر کو قومی سلامتی ایکٹ کے تحت جودھپور جیل منتقل کیا گیا۔دوسری جانب لداخ بی جے پی نے اس واقعے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ذمہ داری اور انصاف کو یقینی بنایا جا سکے۔ پارٹی نے ان تمام بے قصور افراد کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا جن پر معمولی دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ بی جے پی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ امن قائم رکھنے میں تعاون کریں اور افواہوں یا غلط اطلاعات کے بہکاوے میں نہ آئیں۔
لیہہ: کرفیو میں سات گھنٹے کی نرمی، انٹرنیٹ خدمات بدستور معطل
