عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/سینٹرل ریزرو پولیس فورس( سی آر پی ایف) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) جی پی سنگھ کا کہنا ہے کہ سی آر پی ایف ہر صورتحال میں کشمیر کے لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے منگل کی صبح سری نگر کے تاریخی لال چوک سے پینگونگ تسو تک یشسوینی ہائی آلٹیچیوڈ سی آر پی ایف بائیک مہم 2025 کے تیسرے ایڈیشن کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
اس موقع پر ایک پر وقار پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں آئی جی پولیس کشمیر وی کے بردی اور دیگر اعلیٰ افسروں اور ذی عزت شہریوں نے شرکت کی۔
اس مہم کے دوران تقریباً 14 سو کلو میٹر کا فاصلہ طے کیا جائے گا اور یہ بائیک مہم براستہ کھر ڈونگ لا واپس سری نگر آئے گی۔
بائیک چلانے والے قومی پرچم اٹھائے تھے جس پر قوم کے نام فورس کا پیغام ‘دیش کے ہم ہیں رکھشک’درج تھا۔
یہ مہم سات دنوں پر محیط ہے جو آج یعنی 23 ستمبر سے شروع ہو کر یکم اکتوبر کو اختتام پذیر ہوگی۔
موصوف ڈی جی نے پارلیمنٹ حملے میں جاں بحق ہونے والوں کو خراج پیش کرتے ہوئےکہا کہ ‘میں شہداء اور ملک کے سب سے بڑے گیلنٹری ایوارڈ اشوک چکرا سے نوازے جانے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔’
انہوں نے اس سات روزہ بائیک مہم میں شرکت کرنے والی خواتین سی آر پی ایف اہلکاروں کو بھی سلام پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا ‘میں آپ سب کو سلام پیش کرتا ہوں کہ آپ ہمت کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ آپ سی آر پی ایف کے مشعل بردار ہیں اور خصوصی تعریف اور شکریہ کے مستحق ہیں۔’
موصوف ڈی جی نے اس مہم کی قیادت کرنے والے افسر کی سراہنا کی اور کہا’ڈی آئی جی بلو شرما، بریگیڈیئر ایس پی رائے اور ڈی کے سنگھ ٹیم کی رہنمائی کر رہے ہیں۔اس سفر کے دوران گونا گوں مشکلات در پیش ہوں گے صفردرجہ حرارت اور زندگی کے حالات زیادہ سخت ہوں گے اور میں تمام شرکاء کو اپنی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں’۔
انہوں نے کہا کہ ‘یہ اونچائی کا مشن گزشتہ 66 برسوں میں ہندوستان کی داخلی سلامتی میں سی آر پی ایف کے تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔ اس مہم میں کشمیر کے تاریخی لال چوک سے جھنڈا لہرانا مجھے بے پناہ خوشی، فخر اور عزت سے بھر دیتا ہے۔’
موٹر سائیکل پر ہیلمٹ پہنے انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا ‘میں شہریوں خاص کر لال چوک کے رہائشیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔’
ان کا کہنا تھا ‘آپ کی حوصلہ افزائی ہمارے حوصلے بلند کرتی ہے اور خدمت اور تحفظ کے ہمارے عزم کو مضبوط کرتی ہے۔’
واضح رہے کہ اس بائیک مہم کا پہلا ایڈیشن مارچ 2023 میں دہلی سے جگدل پور تک اور دوسرا ستمبر 2023 میں سری نگر، شیلانگ اور کنیاکماری سے کیواڑیہ تک منعقد ہوا تھا۔
سی آر پی ایف ہر صورت حال میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے: ڈی جی سی آر پی ایف
