عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/اقتصادی جرائم کے خلاف جاری کارروائیوں کے تحت کرائم برانچ کشمیر نے بدھ کے روز دو افراد کو گرفتار کیا، جو سادہ لوح شہریوں کو سرمایہ کاری کے جھانسے میں لا کر لوٹنے میں ملوث پائے گئے۔کرائم برانچ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گرفتار شدگان کی شناخت ماجد نذیر نجار ولد نذیر احمد نجار ساکن بٹہ مالو اور مبارک احمد راتھر ولد نثار احمد راتھر ساکن گلشن نگر، گلپوش کالونی کے طور پر ہوئی ہے۔
بیان کے مطابق دونوں ملزمان نے شکایت کنندہ کو آدرش کوآپریٹو سوسائٹی، ایس بی آئی لائف انشورنس اور ایچ ڈی ایف سی انشورنس کمپنیوں میں سرمایہ کاری کے بہانے بھاری منافع کا لالچ دے کر فرضی ڈپازٹ سرٹیفکیٹس فراہم کیں۔ تاہم، بعد ازاں تصدیق کے دوران یہ تمام دستاویزات جعلی اور خود ساختہ پائی گئیں۔
ملزمان نے خود کو ان مالیاتی اداروں کے مجاز نمائندے ظاہر کئے اور متاثرہ شہری کو مختلف ڈپازٹ اسکیموں میں سرمایہ کاری کے لیے قائل کیا۔ معاملے کی چھان بین کے دوران قابل اعتماد شواہد کی بنیاد پر ایف آئی آر نمبر 11/2025 کے تحت تعزیرات ہند کی دفعات 420، 467، 468، 471 اور 120-بی کے تحت مقدمہ درج کر کے دونوں کو حراست میں لیا گیا۔کرائم برانچ نے کہا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں اور مزید انکشافات متوقع ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مالی لین دین سے قبل متعلقہ اداروں کی تصدیق ضرور کریں تاکہ ایسے جعلساز عناصر سے بچا جا سکے۔