عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں کھیلے گئے پہلے ڈے نائٹ کرکٹ میچ نے علاقے میں ایک تاریخی منظر رقم کیا۔ شائقین کی اتنی بڑی تعداد میدان میں امڈ آئی کہ گراؤنڈ میں تل دھرنے کی جگہ باقی نہ رہی۔تماشائیوں کے جوش کا یہ عالم تھا کہ جب میدان مکمل طور پر بھر گیا تو لوگ عمارتوں کی چھتوں، درختوں اور یہاں تک کہ بجلی کے کھمبوں پر بھی چڑھ کر میچ کا لطف اٹھانے لگے۔ پورا قصبہ گویا کرکٹ کے رنگ میں ڈوب گیا اور رات بھر تالیوں، نعروں اور جوش و خروش کی گونج سنائی دیتی رہی۔ایک بزرگ، جن کی عمر اسی برس کے قریب تھی، نے یو این آئی کو بتایا: ’میں نے اپنی پوری زندگی میں شائقین کرکٹ کی اتنی بڑی تعداد پہلی بار دیکھی۔ ایسا لگ رہا تھا جیسے کسی نے ’پلوامہ چلو‘ کی کال دی ہو۔ پورا قصبہ رات بھر تالیوں سے گونجتا رہا۔ یہ واقعی ایک اچھی شروعات ہے اور یہاں مزید ایسے ٹورنامنٹس کی ضرورت ہے تاکہ نوجوان نسل منشیات کے بجائے کھیلوں کی طرف اپنی توجہ مبذول کرے۔‘مقامی شہریوں کا کہنا تھا کہ یہ منظر پلوامہ جیسے خطے میں ایک نئی تاریخ رقم کرتا ہے۔ ’یہاں ماضی میں مایوسی اور خوف چھایا رہتا تھا، لیکن آج کا دن خوشی اور امید کا پیغام ہے‘۔