محمد تسکین
بانہال/ ڈپٹی کمشنر رام بن محمد الیاس خان نے منگل کو وضاحت کی کہ قصبہ رامبن کو بائی پاس کرنے والے رامبن فلائی اوور میں دراڑیں پڑنے کی افواہیں بے بنیاد ہیں اور ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا ہے۔
واضح رہے کہ منگل کی صبح قدرے فاصلے سے بنائی گئی ایک ویڈیو وائرل ہوگئی تھی جس میں فلائی اوور میں دراڑیں دکھائی دینے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔
کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ویڈیو منظر عام پر آنے کے فوراً بعد وہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا اور دیگر افسران کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور فلائی اوور کا جائزہ لیا۔ معائنے کے بعد یہ بات ثابت ہوئی کہ فلائی اوور میں دراڑیں پڑنے کی خبر بے بنیاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلائی اوور کا ڈیزائن اسی طرز پر بنایا گیا ہے جس کی وجہ سے دور سے دیکھنے پر ایسا تاثر پیدا ہوسکتا ہے، تاہم پل مکمل طور پر محفوظ اور مضبوط ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں۔