عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/ملک بھر میں کوروناوائرس آہستہ آہستہ بڑھ رہا ہے اور جمعرات کی صبح کل فعال معاملوں کی تعداد بڑھ کر 4866 تک پہنچ گئی گزشتہ 24 گھنٹے میں اس وائرس سے سات مزید مریضوں کی موت سے مرنے والوں کی تعداد 51 ہو گئی ہے صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق آج صبح آٹھ بجے تک ملک میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد بڑھ کر 4866 ہو گئی۔ اب تک 3955 مریضوں کے صحت یاب ہونے پر انہیں اسپتال سے رخصت کیا جا چکا ہے اور یکم جنوری سے اب تک 51 افراد کی موت ہوئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹے میں کوروناوائرس کے کل 1245 کیسز سامنے آئے ہیں۔ جن میں سب سے زیادہ کیسز کیرالہ میں رجسٹر کیے گئے ہیں۔ دہلی، کرناٹک اور مغربی بنگال میں بھی کیسز میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اسی عرصے میں کورونا وائرس کے 564 نئے فعال معاملے سامنے آئے ہیں اور 674 مریضوں کے صحت یاب ہونے پر انہیں اسپتال سے رخصت کر دیا گیا ہے لیکن اس عرصے کے دوران سات مزید مریضوں کی جان چلی گئی۔ جن سات مریضوں کی موت ہوئی ہے ان میں قومی دارالحکومت اور کرناٹک کے دو دو اور مہاراشٹرا میں تین مریض شامل ہیں۔
وزارت صحت نے کہا ہے کہ کووڈ کی صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ وزارت نے لوگوں سے کورونا پروٹوکول کی پابندی کرنے کی اپیل کی ہے اور کہا کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ لوگوں کو ہجوم والے علاقوں میں جانے سے گریز کرنا چاہیے اور ماسک کا استعمال کرنا چاہیے۔ مقامی انتظامیہ کو ہر قسم کی صحت کی خدمات کی تیاری کے ہدایات دی گئی ہیں۔ اس کی تیاری کا جائزہ لینے کے لیے کل تیاری کے لیے ایک ماک ڈرل کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔