عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی// نئی دہلی کی ایک مقامی عدالت نے جمعہ کو حزب المجاہدین کے ایک مشتبہ جنگجو کو جموں و کشمیر میں ملی ٹینسی کے متعلق 11 مقدمات میں پوچھ تاچھ کیلئے سات دن کی پولیس حراست میں بھیج دیا۔
دہلی پولیس کے سپیشل سیل نے جمعرات کو حزب جنگجو جاوید احمد مٹو (32) کو قومی دارالحکومت سے گرفتار کیا تھا۔
چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ نبیلہ ولی نے مٹو کو عدالت میں پیش کرنے کے بعد دہلی پولیس کی طرف سے داخل کی گئی درخواست پر ایک ہفتے کے لیے حراست میں بھیج دیا۔
دہلی کے نظام الدین علاقے سے ملزم، ایک انتہائی مکار جنگجو جس پر 10 لاکھ روپے کا انعام تھا، کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ جب اسے پکڑا گیا تو وہ چوری کی کار چلا رہا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ مٹو کا نام “دہشت گردی کے 11 مقدمات” میں ہے، جس میں جموں اور کشمیر میں پانچ گرینیڈ حملے اور کم از کم پانچ پولیس اہلکاروں کی الگ الگ واقعات میں ہلاکت شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ حزب المجاہدین اور البدر دہشت گرد تنظیموں کا رکن ہے۔
پولیس نے مزید کہا کہ مٹو کی قیادت میں ہونے والے حملوں میں درجنوں پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔