عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// سرینگر پولیس نے پیر کے روز خود کو آئی پی ایس اور آئی اے ایس افسر ظاہر کر کے لوگوں کو لوٹنے کے الزام میں ایک جوڑے کو گرفتار کیا ہے۔ انہوں نے کئی لوگوں کو نوکریوں، تبادلوں اور دیگر فعلوں میں مدد کرنے کا وعدہ کرکے لاکھوں روپے کا دھوکہ دیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ ملزم منموہن گنجو (فرضی آئی پی ایس) ولد لیفٹیننٹ گردھاری لال گنجو ساکن باغات، سری نگر اور اس کی اہلیہ آیوش کول گنجو (فرضی آئی اے ایس افسر)، ایک معطل پولیس اہلکار ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ لیپ ٹاپ، موبائل ضبط کر لئے گئے ہیں، جن میں بہت سے جعلی ٹرانسفر اور تقرری آرڈرز ،اس کا اپنا آئی پی ایس بننے کا فرضی آرڈر بھی شامل ہے۔
پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ اس کے گھر سے دھوکہ دہی سے حاصل کی گئی نقدی، زیورات اور دیگر مجرمانہ سامان بھی برآمد ہوا۔
اس سلسلے میں پولیس تھانہ صدر میں آئی پی سی کی دفعہ 170، 419، 420، 467، 468، 471 کے تحت ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 73/2023 درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ اب تک 3 ایسے افراد سامنے آچکے ہیں جنہیں ملزم جوڑے نے دھوکہ دیا ہے۔