عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں میں بدھ کے روز ایک سیکورٹی تنصیب پر تعینات ایک پولیس اہلکار حادثاتی طور پر سروس رائفل سے گولی نکلنے کی وجہ سے ہلاک ہو گیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ پولیس کی 7ویں بٹالین کے انسپکٹر گردیپ سنگھ (عمر 48) کو شہر کے مضافات میں واقع بٹالین ہیڈ کوارٹر کے اندر اپنی ہی سروس رائفل چلنے سے ایک گولی لگ گئی۔
انہوں نے بتایا کہ سنگھ کو گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے افسر کی موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے تفتیشی کارروائی شروع کر دی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ پتہ لگایا جا رہا ہے کہ گولی حادثاتی طور پر چلی ہے یا کسی اور وجہ سے فائرنگ ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال کے مردہ خانے میں منتقل کر دیا گیا ہے اور متوفی کے اہل خانہ کو اطلاع دے دی گئی ہے۔