عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر اور جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بدھ کے روز جموں و کشمیر میں کنٹریکچوئل لیکچررز کے لیے مناسب تنخواہوں کا مطالبہ کیا۔
محبوبہ مفتی نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے نظام کی ریڑھ کی ہڈی ہونے کے باوجود یہ اساتذہ شدید ناانصافی کا شکار ہیں۔
پی ڈی پی کے ترجمان کے مطابق، محبوبہ مفتی نے کہا، “28,000 روپے کی قلیل تنخواہ اور گرمی یا سردی کی چھٹیوں کی تنخواہ نہ ملنے کے باعث ان کی حالت نظر انداز نہیں کی جا سکتی، جب کہ لداخ میں ان کے ہم منصبوں کو 57,700 روپے دیے جاتے ہیں”۔
انہوں نے حکام پر زور دیا کہ ان لیکچررز کے لیے سرکاری کاغذات میں موجود اصطلاح ‘اکیڈمک ارینجمنٹ’ کو تبدیل کرکے ‘کنٹریکچوئل اسسٹنٹ پروفیسرز’ کیا جائے تاکہ انہیں ان کا جائز مقام اور وقار مل سکے۔