عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر حکومت نے جمعرات کو ایوان میں کہا ہے کہ وسطی کشمیر کے معروف سیاحتی مقامات دودھ پتھری اور توسہ میدان کو دوبارہ کھولنے سے متعلق فیصلہ فی الوقت زیرِ غور ہے، تاہم اس معاملے میں سکیورٹی سے متعلق تحفظات کے باعث حتمی کارروائی ابھی ممکن نہیں ہے۔
اسمبلی میں رکنِ اسمبلی سیف الدین بٹ نے حکومت سے استفسار کیا تھا کہ آیا وہ لیفٹیننٹ گورنر کو سفارش کریں گے کہ مذکورہ سیاحتی مقامات کو دوبارہ عوام کے لیے کھولا جائے، کیونکہ ان کی مسلسل بندش نے جموں و کشمیر کی معیشت کو متاثر کیا ہے۔
جواب میں حکومت نے بتایا: ‘ معاملہ زیر غور ہے، تاہم دودھ پتھری اور توسہ میدان کو دوبارہ کھولنے کے سلسلے میں سکیورٹی خدشات درپیش ہیں جو فی الحال محکمہ سیاحت کے دائرۂ اختیار سے باہر ہیں’۔
واضح رہے کہ دودھ پتھری اور توسہ میدان ماضی میں وادیٔ کشمیر کے نمایاں سیاحتی مقامات میں شمار ہوتے تھے، تاہم سکیورٹی وجوہات کے پیش نظر ان علاقوں میں سیاحتی سرگرمیوں کو محدود رکھا گیا ہے۔ مقامی لوگ اور کاروباری حلقے طویل عرصہ سے ان مقامات کو دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ علاقے کی معیشت میں بہتری آسکے ـ
دودھ پتھری اور توسہ میدان کو دوبارہ کھولنے پر غور، سکیورٹی خدشات برقرار: حکومت