عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/حال ہی میں ہونے والی سرحد پار گولہ باری سے متاثرہ علاقوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن اور سینئر لیڈر وِقار رسول وانی نے بارہمولہ کے اُڑی سیکٹر کے متعدد دیہات کا دورہ کیا۔ یہ علاقے مبینہ طور پر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے پار سے کی گئی گولہ باری سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔
وانی نے ایک اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت کی جس نے راجن واری، بانڈی، لاگاما، سلام آباد، کلکلگی، داراڈکیٹ، ڈاچی، سوکی-دھنیچ سمیت دیگر متاثرہ سرحدی علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے ہر مقام پر مقامی لوگوں سے ملاقات کی اور ان کے گھروں، روزگار اور مساجد کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔
وانی نے حکومت سے فوری امدادی اقدامات کی اپیل کی اور ہر متاثرہ خاندان کے لیے 20 لاکھ روپے کا مالی امدادی پیکیج اور بے گھر خاندانوں کے لیے 10 مرلہ زمین دینے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہاہماری سرحدی بستیوں کے رہائشی مسلسل خطرے میں زندگی گزار رہے ہیں۔ یہ بہادر لوگ قوم کی پہلی دفاعی لائن ہیں اور ان کی حفاظت اور فلاح و بہبود ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔
ذاتی نقصانات اور عوامی حوصلے کی داستانوں سے متاثر ہو کر وانی نے مزید کہ ان لوگوں کا درد میرا اپنا درد ہے۔ میں نے ان کے دکھ، نقصانات اور بے مثال حوصلے کو اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے۔انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ انتہائی خطرے سے دوچار علاقوں میں انفرادی بنکرز کی تعمیر اور دیگر بحالی اقدامات کے لیے بھی بھرپور آواز بلند کریں گے تاکہ ان کمیونٹیز کی سلامتی اور خود کفالت کو بہتر بنایا جا سکے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اس معاملے کو آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی اعلیٰ قیادت، بشمول کانگریس صدر اور راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف شری ملکارجن کھڑگے، اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی کے سامنے پیش کریں گے۔
وقار رسول وانی کا کہنا تھا کہ میں ذاتی طور پر اس بات کو یقینی بناؤں گا کہ آپ کی آواز ہماری پارٹی کی اعلیٰ قیادت تک پہنچے، جو ہمیشہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔وانی نے 2005 کے زلزلے کے دوران کانگریس پارٹی کی قیادت میں کیے گئے مؤثر اور ہمدردانہ اقدامات کو یاد کیا، جو ڈاکٹر منموہن سنگھ جی اور سونیا گاندھی جی کی متحرک قیادت میں انجام پائے تھے اور جنہیں قومی سطح پر سراہا گیا۔
ضلع انتظامیہ کے افسران نے وفد کی جانب سے پیش کردہ مطالبات وصول کرنے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ انہیں متعلقہ حکام تک پہنچایا جائے گا تاکہ ان پر بروقت غور کیا جا سکے۔
وفد میں جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے سینئر رہنما جی این مونگا، سینئر نائب صدر،فیاض احمد ڈار، نائب صدر،عرفان نقشبندی اور بی اے خان، جنرل سیکرٹری،ارشاد احمد بڈو، ضلعی صدر بارہمولہ،شوکت احمد بھٹ، ورکنگ صدر سری نگر،فواد خان، نائب صدر سری نگر،بشیر احمد شیخ، نائب صدر بارہمولہ شامل تھے ۔
وقار رسول وانی کی زیر قیادت کانگریس لیڈران کا دورہ اُوڑی ، معتدد علاقوں میں متاثرین کے ساتھ ملاقات کی
