عظمیٰ ویب ڈیسک
نوئیڈا/وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس اور اتحادی جماعتوں پر اشیاء و خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) میں اصلاحات کے حوالے سے عوام کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا، انہوں نے کہا ہے کہ کانگریس اپنی حکومتوں کی ناکامیوں کو چھپا رہی ہے ، ملک کی معاشی مضبوطی کے لیے مودی حکومت میں جی ایس ٹی اصلاحات کا سلسلہ مسلسل جاری رہے گا۔ مودی نے دنیا بھر کی کمپنیوں کو مدعو کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اور اتر پردیش سرمایہ کاری کے لیے سب سے موزوں اور پرکشش مقامات ہیں، اور یہاں سرمایہ کاری نہ صرف ہندوستان، بلکہ غیر ملکی کمپنیوں کے لیے بھی فائدے کا سودا ہے۔
جمعرات کو یہاں اتر پردیش بین الاقوامی تجارتی نمائش کا افتتاح کرنے کے بعد اپنے خطاب میں مسٹر مودی نے جی ایس ٹی نظام کے نفاذ اور بعد میں کی گئی نئی سلسلےکی اصلاحات کا ذکر کیا اور کہا کہ ان اصلاحات سے ملک میں معاشی مضبوطی کی بنیاد رکھی گئی ہے۔جی ایس ٹی اصلاحات پر اپوزیشن کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کانگریس اور اس کے اتحادی 2014 سے پہلے کی اپنی حکومتوں کی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ’’کچھ سیاسی جماعتیں ملک کے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ 2014 کی حکومت کی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے کانگریس اور اس کے اتحادی عوام سے جھوٹ بول رہے ہیں۔ اس وقت ٹیکس کی لوٹ مار تھی اور ٹیکس میں چوری ہوتی تھی۔ عوام پر ٹیکس کا بھاری بوجھ تھا‘‘۔ مودی نے کہا کہ ان کی حکومت نے ٹیکس کم کرکے مہنگائی کم کی ہے، حکومت نے عوام کی آمدنی بڑھائی ہے اور ٹیکس میں کمی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر 12 لاکھ روپے کی انکم ٹیکس چھوٹ اور جی ایس ٹی اصلاحات سے ہونے والے فائدے کو جوڑ دیا جائے، تو عوام کو ایک سال میں تقریباً ڈھائی لاکھ کروڑ روپے کی بچت ہو رہی ہے، اسی لیے ملک جی ایس ٹی بچت اُتسو منا رہا ہے۔